اخبارات کے واجبات کی ادا کرنے کی ہدایت پروزیر اعظم سے اظہار تشکر

کراچی(پ ر) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے متعلقہ وزارتوں کو اخباری صنعت کے واجبات جلد از جلد ادا کرنے کی ہدایت کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے اورامید ظاہر ہے کہ احسن اقدام سے اخباری اداروں کو درپیش شدید مالی بحران سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی۔ صدر اے پی این ایس حمید ہارون اور سیکریٹری جنرل سرمد علی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم کو اخباری صنعت کو درپیش مالی بحران سے آگاہ کیا گیا تھا جو سابقہ حکومتوں کے دور میں وفاقی حکومت کے جاری کردہ اشتہارات کے واجبات کی عدم ادائیگی سے پیدا ہوا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی حکومتوں نے مختلف حیلوں بہانوں سے اخبارات کے واجبات ادا نہیں کئے، جس کے باعث اخباری صنعت شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے۔ وزیر اعظم نے اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام واجبات جلد ادا کردیئے جائیں گے، جس کیلئے انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔اے پی این ایس نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر ترجیحی بنیادوں پر عمل کیا جائے گا اور وفاقی حکومت کے ذمہ 13-2008اور18-2013 کے واجبات جلد ادا کردیئے جائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment