کراچی (پ ر ) مسلم لیگ (ن ) سندھ کے جنرل سیکریٹری و سینیٹر سلیم ضیا کی رہائش گاہ پر سابق گورنر محمد زبیر کی زیر صدارت الیکشن2018 میں حصہ لینے والے امیدواران کا اجلاس ہوا ۔ جس سے محمد زبیر نے خطاب میں کہاکہ پاور سیکٹر میں11ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی، زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر تھے۔ امن وامان کے لئے مثالی کردار ادا کیا ۔ سرمایہ داروں کا اعتماد بحال ہوا ۔ سینیٹر سلیم ضیا نے کہاکہ آخر عمران نیازی نے یہ اعتراف کرلیا کہ یوٹرن نہ لینے والے لیڈر سے بڑا بے وقوف کوئی نہیں ہوتا ۔ دنیا کے سب سے بڑے یوٹرن چیمپئن اب کوئی بھی تشریح کریں، سچ سچ ہی رہے گا ۔ انہیں قوم سے معافی مانگنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ شریف برادران سے احتساب کے نام پر انتقام لیا جارہا ہے۔ ادارے اپنی ناکامی چھپانے کے لئے نئےاور عجیب و غریب کیس کھول رہے ہیں، لیکن وہ کچھ حاصل نہ کرپائیں گے۔ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کو نظرانداز کرنے والے پچھتارہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کراچی کو گرین لائن کا تحفہ دیا۔ لیاری ایکسپریس دیا۔ سینئر رہنما زین انصاری، یاسمین آزاد ایڈووکیٹ، جاوید ارسلان خان، رانا احسان، عصمت انور محسود، منور رضا، علی اکبر گجر، حاجی صالحین تنولی، خواجہ سلمان خیرالدین، نواب احمدخان تالپور، سلمان خان، غلام مصطفی ایڈووکیٹ، دلاور جدون، ازہر شاہ ہمدانی نے بھی اظہار خیال کیا۔