پاک عرب امارات تعلقات اقتصادی تعاون میں بدلنے پر اتفاق

دبئی ( خبر ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان کے دورہ متحدہ عرب امارات کا سرکاری اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں دونوں ممالک کی قیادت نے دفاعی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کراؤن پرنس شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا۔وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی یو اے ای گیا۔وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وزیر توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔صدارتی محل پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال شیخ محمد بن زید النہیان نے کیا، وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں صدارتی محل میں تقریب بھی منعقد ہوئی۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے کراؤن پرنس شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک یو اے ای تعلقات کو طویل المدتی معاشی و اسٹریٹجک تعاون میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔دبئی میں وزیراعظم عمران خان کا استقبال یو اے ای کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔وزیراعظم نے شیخ زید مسجد اور یاد گار شہداء کا دورہ بھی کیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں کے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی امور پر بات چیت کی گئی۔ مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، دونوں ممالک کی قیادت کا تاریخی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے فوری اقدام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنےکیلئے مزید اقدامات پر اتفاق کیا گیا، دونوں ملکوں کی قیادت نے دفاعی اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ پاکستان اور یو اے ای کی قیادت نے ٹریننگ، مشترکہ مشقوں اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں بھی مزید تعاون پر اتفاق کیا۔وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کے امدادی پروگرام پر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا۔اعلامیے کے مطابق عمران خان نے یو اے ای کی قیادت کو اپنی حکومت کی ترجیحات کے بارے بریفنگ دی اور اپنی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بھی بتایا۔پاکستان نے یو اے ای میں ایکسپو 2020کو کامیاب کرانے کے لیے مکمل حمایت و تعاون کا یقین دلایا اور یو اے ای کو آئی ٹی پروفیشنلز اور اسکلڈ لیبر کی خدمات مہیا کرنے کی پیشکش بھی کی۔دونوں ملکوں نے لیبر سے متعلق معاملات میں مزید تعاون کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا۔پُرتپاک استقبال پر وزیراعظم عمران خان نے یو اے کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے شیخ محمد بن زید النہیان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ شیخ محمد بن زیدالنہیان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نےتوقع ظاہر کی کہ اسٹیٹ بینک کوسعودی عرب سے ملنےولی امداد کے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط پیر تک مل جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ 7سرکاری اداروں کی نج کاری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ایل این جی کمپنی کی نجکاری کا اثر 5برس تک سرکاری اداروں کی نجکاری سے زیادہ ہوگا ۔اسٹیل مل،ریلوے اور پی آئی اے کی سعودی عرب سے امدادی رقم ملنے پر پاکستان کو توازن ادائیگی میں کافی مدد ملے گی ۔پاکستان اسٹیل مل کی انتظامیہ کو ادارہ پوری استعداد کے ساتھ چلانے کا جامع منصوبہ 45دن کی مہلت دیدی گئی ہے ۔ایک انٹرویو میں اسد عمر کا کہناتھا کہ انہیں سعودی وزیر خزانہ نے پیر تک پہلی قسط کے اجرا کی یقین دہانی کرا دی ہے۔باقی 2اقساط دسمبر و جنوری میں جاری کی جائیں گی ۔

Comments (0)
Add Comment