کراچی/اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر/نمائندگان امت) تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے گہرے رنج والم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حاجی عبدالوہاب کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، مرحوم نے تبلیغ کو تحریک کی شکل دی ان کی رحلت ناقابل تلافی نقصان ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور عالم دین ان کی شخصیت اور گراں قدر دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائدمحمد نواز شریف، پارٹی کے صدر شہباز شریف، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ حاجی عبدالوہاب ان بزرگوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں جنہوں نے دین کی تبلیغ کے لیے اپنی زندگی وقف کی اور اسلامی طرز زندگی کے احیاء اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت طیبہ کی تعلیم و تربیت میں آپ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مولانا عبد الوہاب کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پوری زندگی اسلام کی دعوت و تبلیغ کا کام کیا، اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے مولانا کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔سندھ پنجاب بلوچستان اور خیبرپختون کے گورنرز و وزرائے اعلیٰ، ق لیگ کے رہنماؤں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی، اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ، مہاجرقومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد ودیگر رہنماؤں نے حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ دین اسلام اور تبلیغِ دین کے لئے حاجی عبدالوہاب کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا ڈاکٹرعبدالرزاق اسکندر، مولانا انوار الحق، مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ حاجی عبدالوہاب کی رحلت پوری انسانیت کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ مرحوم امت کے اتحاد و یکجہتی کا استعارہ تھے۔ جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم کراچی کے صدر مولانا ڈاکٹر قاسم محمود، مرکزی صدراہلسنّت والجماعت علامہ اورنگزیب فاروقی،صدر کراچی علامہ رب نوازحنفی،علامہ تاج محمدحنفی ودیگرنے حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ حاجی عبدالوہاب جیسی شخصیت خال خال ہی پیداہوتے ہیں،آپ کی حیات مبارکہ ایک جہدمسلسل سے عبارت ہے۔