کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹربورڈ کے اہم ترین پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کے بریک ڈاؤن سے شہر کو162ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا ،کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72انچ قطر کی پائپ لائن پانی کے بیک پریشر سے پھٹ گئی ، لائن کی مرمت اتوار کی رات تک مکمل نہیں کی جاسکی ۔تفصیلات کے مطابق رواںماہ واٹربورڈکے اہم پمپنگ اسٹیشنوں پر اب تک بجلی کے 11بریک ڈاؤن ہوئے ،اس وجہ سے کراچی کو رواں ماہ 450 ملین گیلن پانی کم فراہم کیا گیا اور واٹربورڈ کو شہرکے کونے کونے تک دستیاب پانی کی فراہمی ومنصفانہ تقسیم میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔اتوار کی صبح 5:50بجے اچانک گھارو ،دھابیجی اور پپری میں واقع واٹربورڈ کے اہم ترین پمپنگ اسٹیشنوں پر اچانک ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی میں نیشنل ہائی وے کے قریب کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی واٹربورڈ نے اطلاع ملتے ہی پانی کی فراہمی روک کر لائن کو پانی سے خالی کرنے کا عمل شروع کردیا ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایت پر اعلیٰ افسران اور انجینئرز مطلوبہ بھاری مشینری کے ساتھ وقوعہ پر پہنچ گئے اور لائن کی مرمت کا عمل شروع کردیا گیا ،دن 8:45پر دھابیجی کی بجلی جزوی بحال ہونے پر واٹربورڈ نے متبادل لائنوں سے پانی کی فراہمی شروع کی ،دھابیجی پر بجلی کی مکمل فراہمی45 :2 بجے دوپہربحال ہوئی ، اس دوران شہر کو 162ملین گیلن پانی کم فراہم کیا گیا ، واٹربورڈ شہر میں پانی کی کمی کےاثرات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہا ہے ،ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نےشہریوں سے اپیل کہ ہے کہ وہ اس صورتحال میں واٹربورڈ کے ساتھ تعاون کریں اور پانی کفایت سے استعمال کریں ۔ترجمان کے الیکٹرک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ادارے کی جانب سے واٹر بورڈ کے دھابیجی اور گھارو سمیت تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنزکولوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھ کر متواتر بجلی فراہم کی جاتی ہے تاہم واٹر بورڈ کی تنصیبات پر کسی بھی فالٹ کی بروقت درستگی کے حوالے سے کے الیکٹرک کا عملہ کے ڈبلیو ایس بی کے نمائندوں کے ساتھ رابطے میں رہتا ہے تاکہ بروقت معاونت فراہم کی جاسکے۔