کوئٹہ/ٹانک (نمائندہ خصوصی/ نمائندہ امت)کوئٹہ اور جنوبی وزیرستان میں فورسز پر حملوں میں 4 اہلکار شہید اور 6زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد جمع کرنا شروع کردیے جبکہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔دھماکے کا نشانہ بننے والی گاڑی اہلکاروں کیلئے راشن لیکر جارہی تھی۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ادھر جنوبی وزیرستان کے علاقے پامنہ میں 244ونگ کی گشتی پارٹی پر گزشتہ شب نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں لائس نائیک بختاور جان موقع پر شہید ہو گیا جبکہ سپاہی حیدر زمان اور سپاہی اکمل زخمی ہوئے۔ دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ شہید کی نماز جنازہ اتوار کے روز مکین سپورٹس اسٹیڈیم میں ادا کی گئی ،جس میں آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف سمیت دیگر عسکری وسول حکام نے شرکت کی۔ بعدازاں شہید کی جسد خاکی کو ان کے آبائی علاقہ کرم روانہ کر دیا گیا۔وائس آف امریکہ نے دعوی کیا ہے کہ واقعہ شمالی وزیرستان میں ہوا ۔فورسز کی گاڑی پر راکٹ داغا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے۔ تاہم خبر میں کسی کا نام نہیں بتایا گیا۔