امرتسر(امت نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی پنجاب میں پاکستانی سرحد سے متصل علاقے میں سکھوں کے ’’گردوارے‘‘ پر دستی بم حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے ،جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ مودی سرکارنے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ بھارتی پنجاب میں بی جے پی کی زیر قیادت انتہاپسند وزیراعلی نے بغیر تحقیق پاکستان کو واقعہ میں ملوث کرنے کی کوشش شروع کردی۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ کا کہنا تھا کہ حملہ خالصتان تحریک کو بحال کرنے کیلئے کیا گیا اور مجھے شبہ ہے کہ اس میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی کا ہاتھ ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعہ امرتسرکے نواحی گاؤں ادلی وال میں پیش آیا، جہاں اتوار کی صبح نرنکاری ست سنگ ڈیرا میں ہونے والے سکھوں کےمذہبی اجتماع پر موٹرسائیکل سوار 2 نامعلوم نوجوان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، جسکےنتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے پاس آتشیں رائفلیں بھی تھیں۔ دنیش سنگھ نے بتایا ہے کہ نقاب پوش مسلح حملہ آوروں نے عبادت کے لیے مختص ایک ہال میں دستی بم پھینکا ،جو مرکزی اجتماع گاہ سے کچھ فاصلے پر پھٹ گیا۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق حملے کے وقت گردوارے میں 250افراد موجود تھے۔ جن میں سے3 ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ 15 زخمیوں کو امرتسر کے اسپتال گورو نانک دیو اور آئیوی اسپتال میں منتقل کیا گیا۔بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے معاملے کی تہہ تک جانے کا اعلان کیا ہے اور حملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا-وزیر اعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گردواروں میں مذہبی تقریبات معمول کی بات ہے، اس لئے وہاں کسی خاص سیکورٹی کا اہتمام نہیں کیا گیا تھا۔ 20 زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کی مکمل جانچ کرکے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے، پنجاب پولیس کے سربراہ سریش اروڑا کا کہنا ہے کہ ادلی والی پاکستانی سرحد کے قریب واقع ہے، جہاں ایک انٹرنیشنل ایئر پورٹ بھی موجود ہے، اس لئے تحقیقات میں دہشت گردی کے پہلو پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔دیں اثنا بھارتی انٹیلی جنس حکام نےمتاثرہ گرد وارے کا دورہ کرکے شواہد جمع کئے اور تقریب میں موجود افراد سے تفتیش کی۔واضح رہے کہ بھارتی پنجاب گزشتہ دو عشروں سے زیادہ عرصے سے مجموعی طور پر پُرامن ہی رہا ہے۔