امیر تبلیغی جماعت کے جنازے میں لاکھوں امڈ آئے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/خبرایجنسیاں) تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون، ان کی نماز جنازہ اتوار کو نماز مغرب کے بعد رائیونڈمیں تبلیغی اجتماع کے لئے مختص میدان میں ادا کی گئی ۔ نمازجنازہ مولانا نذرالرحمان نے پڑھائی۔ نمازجنازہ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب علالت کے بعد لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ وہ کئی سال سے علیل تھے اور انھیں ایک ہفتہ قبل ڈینگی بخارکے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ حاجی عبدالوہاب کو سانس لینے میں دشواری کاسامنا تھا اور سینے میں تکلیف بھی تھی جس کے باعث وہ رواں سال کے تبلیغی اجتماع میں شرکت بھی نہیں کرسکے تھے۔ حالت تشویشناک ہونے پر انھیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔ گزشتہ رات حاجی عبدالوہاب کی طبیعت کافی خراب ہو گئی ، جس کی وجہ سے وہ اس جہان فانی سے رحلت فرما گئے۔ حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ اتوار کو نماز مغرب کے بعد تبلیغی مرکز کے قریب میدان میں ادا کی گئی ۔ نمازجنازہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ حاجی عبدالوہاب کے انتقال کی خبر میڈیا پر چلتے ہی ملک بھر سے لوگ رائے ونڈ پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ پی آئی اے نے نمازجنازہ میں شرکت کرنے والوں کے لئے خصوصی پرواز بھی چلائی۔ امیرتبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب جنوری 1922میں بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہو ئے، ان کا پورا نام رائو عبدالوہاب تھا اور ان کے آبائو اجداد بھارتی صوبے اترپردیش کے شہر سہارن پورکے رہنے والے تھے اور راجپوت قوم کی رائو برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ قیام پاکستان کے بعدحاجی عبدالوہاب ہجرت کے بعد پاکستان آئے اور ٹوپیاں والا بورے والا ضلع وہاڑی میں آبادہوئے،حاجی عبدالوہاب نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن کیا۔ گریجویشن کے بعد تحصیلدار کی نو کری شروع کردی، انہوں نے تحریک ختم نبوت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ حاجی عبدالوہاب مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات میں 10ویں نمبر پر شامل تھے، عبد الوہاب تبلیغی جماعت کے بانی محمد الیاس کاندھلوی کے زمانے سے ہی تبلیغی جماعت سے منسلک ہوئے، ان کا شمار پاکستان کے ان پانچ لوگوں میں ہوتا ہے ، جنہوں نے اپنی پوری زندگی تبلیغ کے لئے وقف کی۔پاکستان میں محمد شفیع قریشی تبلیغی جماعت کے پہلے امیر تھے ۔ ان کی وفات کے بعد حاجی محمد بشیر، دوسرے امیر مقرر ہوئے ،جبکہ حاجی عبدالوہاب تیسرے امیرتھے۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے سیکڑوں دینی مدارس میں تبلیغی جماعت کے مرحوم امیر حاجی عبدالوہاب کے ایصال ثواب کے لےلئے قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ۔ جامعہ دارالعلوم کراچی کورنگی ، جامعة الرشید ، جامعہ بنوریہ عالمیہ ، جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم ، جامعہ عثمانیہ شیر شاہ سمیت سیکڑوں مدارس میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر مرحوم کے دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے عظیم مشن ، دعوت و تبلیغ کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔جامعہ دارا لعلوم کراچی کے رئیس مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی نے اس سانحہ ارتحال پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ دارالعلوم کے اساتذہ، طلبہ و متعلقین کو حاجی عبدالوہاب کے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کی تلقین کی۔چنانچہ شعبہ دارالقرآن، شعبہ درس نظامی، درجات تخصص مدرسہ ابتدائیہ و ثانویہ، مدرسة البنات حرا فاؤنڈیشن اسکول، جامعہ کی تمام شاخوں سمیت دیگر ملحقہ مکاتیب قرآنیہ میں سیکڑوں معلمین و معلمات اور ہزاروں طلبہ و طالبات نے مرحوم کے لئے ایصال ثواب کیا اور دعائے مغفرت کی۔نیز بعد نماز ظہر جامعہ کی مرکزی مسجد اور شاخوں کی مساجد میں بھی مغفرت اور بلند درجات کے لئے دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ رئیس الجامعہ اور جامعہ دارالعلوم کراچی کے تمام اساتذہ و کارکنان، طلبہ وطالبات مولانا عبدالوہاب مرحوم کے تمام متوسلین و متعلقین اور بالخصوص خاندان کے تمام افراد سے تعزیت کرتے ہیں اور تمام پسماندگان اور سوگواروں کے لئے صبر جمیل کیلئے دعاگو ہیں۔ جامعة الرشید کے رئیس مفتی عبد الرحیم کی ہدایت پرخصوصی دعا کا اہتمام کیاگیا جس میں جامعہ کے مختلف شعبہ جات اور درجات کے سیکڑوں طلبہ کرام اور جامعہ کے اساتذہ نے شرکت کی ۔ علاوہ ازیں جامعہ بنوریہ سائٹ ، جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم ، جامعہ عثمانیہ شیر شاہ سمیت دیگر مدارس اور جامعات میں بھی مرحوم حاجی عبد الوہاب کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment