لاہور(امت نیوز)چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے کہا ہے کہ حسین نقی صحافیوں کے ہی نہیں ہمارے بھی استاد ہیں۔ ہماری کوئی انا نہیں۔پیر کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کئی کیسز کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثارا ور جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں2رکنی بنچ کے روبرولاہور کے صحافیوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا وفد عدالت کے روبرو پیش ہوا، وفد کے رکن و لاہور پریس کلب کے سابق صدرشہباز میاں نے کہا کہ حسین نقی سے متعلق عدالت کے ریمارکس سے صحافیوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ حسین نقی صحافیوں کی تین نسلوں سے استاد ہیں اور وہ آمریت کے خلاف جدوجہد کا استعارہ ہیں اور جمہوریت کے لئے ان کی خدمات لازوال ہیں۔ صحافی ان کیلئے دادرسی چاہتے ہیں۔اس پر چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ آپ چاہتے ہیں کہ حسین نقی کو دوبارہ بورڈ میں شامل کر دیں۔اس پر وفد نے کہا کہ حسین نقی کی عزت عہدوں سے بالاتر ہے۔ہمارے لئے ان کی عزت اہم ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ حسین نقی صحافیوں کے استاد ہیں تو وہ بھی استاد ہیں،ہماری کوئی انا نہیں، ہمیں بھی حسین نقی کا احترام ہے اور ہم ان کی داد رسی کیلئے حاضرہیں۔