پشاور(نمائندہ خصوصی)افغانستان کے صوبہ میدان میں شادی کی تقریب پر حملے میں دولہا سمیت 3افراد شہید ہو گئے جبکہ صوبہ لوگر میں طالبان حملوں میں ضلعی سربراہ ،رکن پارلیمان اور سیکورٹی آفیسر مارے گئے۔تفصیلات کے مطابق افغان فوج نے صوبہ میدان کے ضلع جلریز میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ مذکورہ ضلع کے زیولات کے علاقے میں ایک مکان پر ایسے وقت میں مارٹر گولے داغے جب وہاں شادی کی تقریب جاری تھی جس کے نتیجے میں دولہا صبغت اللہ سمیت 3 افراد شہید جبکہ 5 افراد اور 4 خواتین و بچے زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب افغانستان کے صوبہ لوگر میں طالبان حملوں میں ضلعی سربراہ ،رکن پارلیمان اور سیکورٹی آفیسر مارے گئے ۔کابل انتظامیہ کے عہدیداروں پر صوبہ لوگر کے برکی برک اور محمدآغہ اضلاع میں دھماکے ہوئے۔ ضلع برکی برک کے شیروازہ کے علاقے میں بم دھماکے سے فوجی ٹینک تباہ اور اس میں سوار ضلعی سربراہ، سیکورٹی ا فسر محافظوں سمیت ہلاک ہوگیا۔ ضلع محمدآغہ کے مرکز کے قریب نامزد رکن پارلیمان عبدالبصیر کی گاڑی اسی نوعیت کے دھماکے سے تباہ ہو گئی اور اس میں سوار عبدالبصیر ہلاک جبکہ خوست ائیرپورٹ میں کمانڈر حاکم جان شدید زخمی ہوگئے۔اسی طرح طالبان نے باگرام میں امریکی ایئر بیس پر میزائل داغے ۔