متنازعہ اینکروقار ذکا کھلے عام شیشہ پیتے گرفتار ۔مقدمہ درج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)غیر مہذب گفتگو اور متنازعہ معاملات اچھالنے کیلئے بدنام ٹی وی اینکر کو پولیس نے سرعام شیشہ پیتے ہوئے گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔پیر کے روزکلفٹن پولیس نے اسے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے سامنے پیش کیا اور بتایا کہ گشت پر ماموراہلکاروں نے دو تلوار کے قریب مشکوک انداز میں کھڑی ایک گاڑی کو قریب جاکر دیکھا تو ایک شخص جس نے اپنا نام وقارذکا بتایا، شیشہ پی رہا تھا ، مذکورہ شیشہ مضر صحت اور ماحول کے لئے خراب ہے اس لئے اسے گرفتار کر کے سرکاری مدعیت میں مقدمہ نمبر 327/018 زیر دفعہ 269/278درج کرلیا گیا۔ملزم معروف ٹی وی پروگرام کا اینکر ہے۔دوران سماعت ملزم کی جانب سے درخواست ضمانت جمع کرائی گئی ۔ عدالت نے 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے وقار ذکا کی ضمانت منظور کرلی جب کہ کیس کی سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔کلفٹن تھانے کےذرائع کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب دو تلوار چورنگی کلفٹن بلاک9 میں کارروائی کے دوران وقار ذکا سے حقہ (شیشہ)، غیر ملکی شراب اور چار اقسام کے شیشہ فلیور برآمد ہوئے ۔جب کہ گاڑی نمبر BF.3261 قبضے میں لے لی گئی۔ایس ایچ او جاوید ابڑو نے بتایا کہ جس وقت ٹی وی اینکر وقار ذکا کو گرفتار کیا اس وقت وہ نشے میں دھت اپنے دیگر چار دوستوں کے ہمراہ جو کہ نشے کی حالت میں تھے کھلے عام حقہ (شیشہ) پی رہے تھے، ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ پولیس نے ملزم کے قبضے سے غیر ملکی شراب بھی برآمد ہوئی ہے۔ ملزم کے خلاف اس سے قبل بھی جھگڑے کا مقدمہ تھانہ بوٹ بیسن میں درج ہے۔سوشل میڈیا پروقار کے ساتھ ایک لڑکی موجود ہونے کی اطلاع بھی زیرگردش رہی ۔ دوسری جانب سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وقار ذکاء کا کہنا تھا کہ مجھے آج پتہ چلا کہ شیشہ رکھنا بھی جرم ہے،میڈیا نے مجھ سے منسوب غلط خبریں شائع کی ہیں ، میں نےکوئی نشہ نہیں کررکھا تھا۔دریں اثنا ٹوئٹر پر جاری بیان میں وقار نے ایف آئی آر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میڈیا والو! کیا دکھاتے ہو؟چیف جسٹس کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہئے۔ وقار نے مزید لکھا کہ پولیس والے مجھے تھانے لے گئے، انہوں نے وہاں مجھے اچھے طریقے سے بٹھا کر چائے پانی کا پوچھا۔

Comments (0)
Add Comment