آشیانہ کیس میں نیب ٹھیک طریقے سے کام کرے- سپریم کورٹ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )آشیانہ ہاوٴسنگ سوسائٹی کیس میں سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو کو خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ ایک اہم مقدمہ ہے اس لیے نیب والو ٹھیک طریقے سے کام کرو۔ جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے آشیانہ ہاوٴسنگ سوسائٹی کیس کے شریک ملزمان منیر ضیاء اور امتیاز حیدر کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ ملزمان کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ منیر ضیاء کے وکیل اعظم نذیر تارڑ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مصروف ہیں اس لیے سماعت تین روز کے لیے ملتوی کی جائے۔ جسٹس عظمت سعید نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا یہ مقدمہ اصل میں کیا ہے۔ نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے آشیانہ ہاوٴسنگ اسکیم میں قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، ٹھیکہ کسی اور کمپنی کو ملنا تھا لیکن کاسا نامی کمپنی کو دے دیا گیا۔جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ نیب نے کاسا والوں کو پکڑا یا نہیں ۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ کاسا بنیادی طور پر تین کمپنیوں کا جوائنٹ وینچر ہے تاہم 6ملزمان کے خلاف عبوری ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور فواد حسن فواد کو گرفتار کر کے تفتیش کی گئی ہے اور حتمی ریفرنس بعد میں لایا جائے گا۔جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ‘کاسا تین کمپنیوں کا جوائنٹ وینچر ہے تو صرف 6 ملزمان کیسےگرفتار ہوئے،نیب والوٹھیک طریقےسے کام کرو۔ اہم کیس ہے نیب طریقے سےتحقیقات کرے، وکلاء نہ ہونے کے باعث آج کوئی فیصلہ نہیں کررہے۔مزیدسماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔یاد رہےکہ آشیانہ ہاوٴسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نیب نےسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کوگرفتار کررکھا ہےاوران کےصاحبزادے حمزہ شہباز سے بھی تفتیش جاری ہے۔

Comments (0)
Add Comment