نقیب کیس میں مفرور ملزمان پکڑنے کیلئے پھر مہلت طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نقیب محسود سمیت دیگر کے قتل سے متعلق کیس میں مفرورملزمان امان مروت ،گدا حسین ،محسن عباس، صداقت حسین، راجا شمیم، رانا ریاض، شعیب شوٹر، علی اکبر ملاح، رئیس عباس اور عمران کاظمی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر رپورٹ بھی طلب کرلی ، عدالت نے راؤ انوار سمیت تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔پیر کے روز سینٹرل جیل میں قائم خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت کے موقع پر جیل حکام کی جانب سے گرفتار ملزمان اے ایس آئی اللہ یار ، ہیڈ کانسٹیبل محمد اقبال ، کانسٹیبل ارشد علی ،غلام نازک ، عبدالعلی ، شفیق احمد اور شکیل کو پیش کیا گیا ، اس موقع پر ضمانت پر رہا ملزمان سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار ، قمر احمد شیخ ، محمد یاسین ،سپرد حسین ، خضر حیات ، عبوری ضمانت پر رہا ملزمان محمد انار ، فیصل محمود اور خیر محمد بھی پیش ہوئے ۔کیس کے تفتیشی افسر ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کی جانب سے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ ملزمان روپوش ہیں جن کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی جبکہ 3مفرور ملزمان محمد انار ، فیصل محمود اور خیر محمد نے عبوری ضمانت حاصل کرلی ہے ۔چھاپے مارے جارہے ہیں ، گرفتاری کے لئے وقت دیا جائے۔واضح رہے کہ10ماہ گزرنے کے باوجود پولیس مفرور ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ دریں اثناانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی سابق ڈائریکٹرپروین رحمان کے قتل سے متعلق کیس میں گواہ ایس ایس پی اختر فاروقی کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو آئندہ سماعت پر گواہ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر ملزمان رحیم سواتی و دیگر کو پیش کیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment