ٹیکنیکل بورڈ میں جونیئر افسر ناظم امتحانات لگادیا گیا

کراچی(رپورٹ: راؤ افنان) سیکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز نے سندھ ٹیکنیکل بورڈ میں ناظم امتحانات کے عہدے پر منظور نظر جونیئر افسر کو تعینات کر دیا ، جبکہ 5 ماہ میں بھی بورڈ سیکریٹری تعینات نہ کیا جا سکا۔ معلوم ہوا ہے کہ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں ناظم امتحانات کا عہدہ اظہر علی شاہ کے انتقال کے باعث 11اگست2018 کو خالی ہوگیا تھا، جس پرچیئر مین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے سیکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز کو3سینئر افسران قاضی عارف ،ارباب علی تھہیم اور عزرا نازنین کے نام ارسال کئے تھے ۔تاہم صوبائی حکومت نے سیاسی اثر ورسوخ کی بنیاد پر گریڈ 20 کے افسرقاضی عارف کی موجودگی کے باوجود ایک جونیئر افسر ارباب علی تھہیم کو بطور قائم مقام ناظم امتحانات کا تقرر نامہ جاری کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ارباب تھہیم کا اس قبل شعبہ امتحانات میں کسی بھی قسم کا کوئی تجربہ نہیں ہے ۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ میں سیکریٹری راشد عزیز جون کے پہلے ہفتے میں ریٹائرڈ ہو گئے تھے جس کے بعد قائم مقام سیکریٹری کے لئے قاضی عارف،عالیہ فاطمہ اور گل محمد کھنڈ کے نام دئیے تھے تاہم ان میں سے کسی بھی افسر کو تعینات نہیں کیاگیا انتظامی امور متاثر ہونے پر چیئرمین ٹیکنکل بورڈ نے ڈپٹی سیکر یٹری عالیہ فاطمہ کو امور نمٹانے کے لئے بطور سیکریٹری احکامات جاری کئے۔’’امت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین مسرور احمد شیخ کا کہنا تھا کہ ناظم امتحانات کے لئے 3 نام بھیجے تھے جس پر صوبائی حکومت نے ارباب تھہیم کو دیکھ بھال کا چارج دیا ہے، اس عہدے کیلئے متعلقہ شعبے کا تجربہ ہونے کو ترجیح دی جانی تھی ۔

Comments (0)
Add Comment