برسبین (امت نیوز) عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (آج) برسبین میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ بھارتی ٹیم اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران تین ٹی 20 میچز، چار ٹیسٹ میچز اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز میں شرکت کریگی۔ بھارتی ٹیم حالیہ ہوم ٹور پر آئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ٹی 20، ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں شکست دیکر بھر پور فارم میں ہے جبکہ کینگروز ٹیم آؤٹ فارم جا رہی ہے۔ کینگروز کو حالیہ ہوم ٹور پر آئی پروٹیز نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ واحد ٹی ٹونٹی میچ بھی پروٹیز نے میزبان ٹیم سے جیتا تھا۔ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز کانٹے دار ہوگی اور شائقین کرکٹ کو اچھے میچز دیکھنے کو ملیں گے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 23 نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائیگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 25 نومبر کو سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 6 سے 10 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا۔