کراچی (اسٹاف رپورٹر)لیاری میں پانی کی کئی ماہ سے عدم فراہمی پر علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں کئی ماہ سے پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکین مشتعل ہو گئے اور جمعرات کو مختلف علاقوں کے مکین جلوس کی شکل میں میراں ناکہ چوک پر جمع ہوئے اور احتجاج شروع کردیا اس دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر بھی نذر آتش کیے جس کے نتیجے میں سڑک پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں کئی دنوں سے پانی نہیں آرہا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین مہنگے داموں ٹینکر مافیا سے پانی خرید کر پینے پر مجبور ہوگئے ہیں، احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔