سی پی این ای کا میڈیا اکیڈمی کے قیام کا اعلان

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپرایڈیٹرز (سی پی این ای) نے میڈیا کے مختلف شعبوں میں مصروف عمل افراد کے لئے میڈیا اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا ہے تاکہ میڈیا سے متعلق جدید رجحانات اور جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے معلومات ، تربیتی کورسز اور ضروری روابط سازی کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر ، اپ گریڈ اور اپ ڈیٹ کیا جا سکے۔ میڈیا اکیڈمی کا اعلان سی پی این ای کے زیر اہتمام منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا جس میں جرمنی سے ڈوئچے ویلے اکیڈمی کی ڈپٹی کنٹری ہیڈ محترمہ لینا ایلٹر اور پاکستان میں ڈوئچے ویلے کے چیف ایگزیکٹو آصف خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے بتایا کہ میڈیا اکیڈمی کے تحت میڈیا ایجوکیشن اور میڈیا ٹریننگ کے مسلسل پروگراموں کے ذریعے صحافت، کمپیوٹرکے استعمال، مارکیٹنگ، سرکولیشن، ڈسٹری بیوشن اور ریونیو جنریشن سمیت میڈیا کے مختلف شعبوں کے لئے مخصوص نوعیت کے تربیتی نصاب کے کئی ٹریننگ ماڈیولز تیار کیئے جائیں گے تاکہ اکیڈمک اور ٹریننگ ورکشاپس کے ذریعے میڈیا کے مختلف شعبوں میں سرگرم عمل افراد کی استعداد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی این ای کی مجوزہ میڈیا اکیڈمی کےCMEیا کنٹینوئنگ میڈیا ایجوکیشن (مسلسل میڈیا تعلیم) پروگرام کے لئے ڈوئچے ویلے اکیڈمی کے تعاون سے میڈیا کے نئے رجحانات اور جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کے لئے غیر ملکی ماہرین کو بھی پاکستان مدعو کیا جائے گا تاکہ میڈیا اداروں میں عملی صلاحیت کے حامل افرادی قوت میسر ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا اکیڈمی کے تربیتی پروگراموں میں جعلی خبروں، نفرت انگیزی اور انتہا پسندی پر مبنی مواد کی روک تھام کے ضمن میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔ لینا ایلٹر نے کہا کہ میڈیا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنے، جدید ٹیکنالوجی کے فوائد حاصل کرنے کیلئے صحافیوں کی مسلسل تربیت و آگہی انتہائی اہم ہے۔ پاکستان میں ڈوئچے ویلے کے چیف ایگزیکٹو آصف خان نے کہا کہ سی پی این ای میڈیا اکیڈمی، تعلیمی اداروں اور میڈیا کے اداروں کے مابین تفاوت کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ قبل ازیں سی پی این ای سندھ کے نائب صدراکرام سہگل نے استقبالیہ میں کہا کہ جسمانی تحفظ کی تربیت ممکنہ جسمانی نقصان سے بچاتی ہے۔ تقریب میں سی پی این ای کے سابق سیکریٹری جنرل اعجازالحق، سینئر اراکین حامد حسین عابدی، طاہر نجمی، عارف بلوچ، عبدالخالق علی سمیت بڑی تعداد میں صحافیوں و دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی ، سیکریٹری جنرل جبار خٹک نے اپنے جاری کردہ بیان میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان اورصوبائی وزیراطلاعات میرظہور بلیدی سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے اخبارات کے بقایاجات کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلہ کوجلدازجلد حل کیا جائے تاکہ صوبے کے اخبارات موجودہ مالی بحران سے نکل سکیں۔

Comments (0)
Add Comment