اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے طورخم بارڈر سے کپاس درآمد کرنے اور پاکستان اسٹیل ملز کے متوفی ملازمین کے ورثاء کو واجبات کی ادائیگی کی منظوری دے دی۔اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر سربراہی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ای سی سی نے پاک افغان طورخم بارڈر کے ذریعے کپاس درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ کمیٹی نے اس حوالے سے پاکستان میں کپاس کی فصل پر منفی اثرات سے متعلق شرائط پر عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل مل کے فوت شدہ ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ، گریجویٹی اور دیگر بقایا جات کی مد میں ایک ارب چھ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی۔اسی سی سی نے پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کو دو لاکھ ٹن گندم پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کو فروخت کرنے کی اجازت بھی دیدی۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کو گندم 1300روپے فی چالیس کلو گرام کے حساب سے فروخت کی جائے گی۔