حیدرآباد (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر و سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی جمہوریت کے ذریعے ہی ممکن ہے، موجودہ حکومت کے خلاف کسی تحریک کی ضرورت نہیں سلیکٹیڈ حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچے گی، مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن تھا۔ وہ حیدرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر قومی عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری انور سومرو نے اپنے ساتھیوں سمیت قومی عوامی تحریک سے علیحدگی اور مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا بھی اعلان کیا۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2013میں جب ہمیں حکومت ملی اس وقت ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا، بدامنی اور دہشت گردی عروج پر تھی، غیرملکی سرمایہ کار اور سیاح بھی پاکستان کا رخ کرنے کو تیار نہیں تھے، ترقی کا پہیہ رک چکا تھا، قوم مایوسی کی دلدل میں گری ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے حکومت میں آ کر میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مایوسی اور اندھیروں سے نکالا، بجلی کے نئے منصوبے شروع کئے گئے، 2013ءمیں صرف 3ہزار میگاواٹ بجلی بن سکتی تھی ہم نے اپنے 5سالہ دور میں 12ہزار میگاواٹ بجلی کے نئے پروجیکٹ شروع کئے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے اپنے دورہ حکومت میں بند صنعتوں کو چلایا، معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا، ہمارے دور میں شرح نمو 5فیصد سالانہ سے بڑھ گئی تھی، ہمارے دور میں سی پیک کا دائرہ وسیع کیا گیا، بلوچستان جو عملاً قومی دھارے سے کٹ چکا تھا اور اکبر بگٹی کے قتل کے بعد علیحدگی کی تحریکیں عروج پر تھیں ہم نے بلوچوں کے زخموں پر مرہم رکھا اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں سندھ اور خصوصاً کراچی میں بدامنی پر قابو پایا، قبائلی علاقوں میں آپریشن کرکے ملک دشمن عناصر کی کمر توڑ دی، ملکی ڈوبتی معیشت کو سہارا دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ شاید ہے کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ہے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے، پاکستان میں اس وقت موٹرویز کی صورت میں انقلاب آیا ہے، 2350کلو میٹر طویل موٹروے مسلم لیگ کی حکومت کا کارنامہ ہے لیکن چند عناصر کو ترقی کا یہ سفر پسند نہیں، ان قوتوں نے ہر دور میں ہماری حکومتوں پر شب خون مارا ہے، انہوں نے کہا کہ 1998 میں بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پوری دنیا کے دباؤ کے باوجود میاں نوازشریف نے پاکستان کے عظیم قومی مفاد میں 6ایٹمی دھماکے کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور پوری دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ریاست ہے جو اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتی ہے، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں موجودہ حکومت کے خلاف کوئی تحریک چلانے کی ضرورت نہیں ہے، یہ اپنے اقدامات کے نتیجے میں جلد ہی اپنے انجام کو پہنچ جائے گی، کارکن قیادت پر اعتماد رکھیں اور متحد رہیں،و ہ دن دور نہیں جب ان کے محبوب قائد عوام کی تائید سے ایک مرتبہ پھر ایوان اقتدار میں ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوری اور نظریاتی سیاست کی ہے، ہم آمر کے ہاتھوں بھٹو کی پھانسی کے خلاف بھی سڑکوں پر نکلے تھے اور ایم آر ڈی کی تحریک چلائی تھی اور آج بھی میاں محمد نوازشریف کو عوام سے جدا کرنے کی سازش کے خلاف میدان میں ہیں، مارشل لاء فوجی ہو سول یا جوڈیشل ہمیں قبول نہیں۔