پاکستان اسٹیل کا انتظام سنبھالنے کیلئے کئی بااثر گروپ سرگرم

کراچی (رپورٹر ایس ایم انوار) پاکستان اسٹیل کو جلد از جلد آپریشنل بنانے کے حکومتی اعلان کے بعد کئی بااثر گروپ اس قومی فولاد ساز ادارے کی منیجمنٹ لینے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں۔ باخبر ذریعے نے بتایاکہ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار مطاہر نیاز رانا جب 15نومبر کو اسیٹل مل کے2روزہ دورے پر تھے تو اگلے روز جمعہ 16نومبر کو وہ مشیر سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد کا خصوصی پیغام ملنے پرحب پاور کمپنی (حبکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور چند دیگر افراد سے اہم میٹنگ کرنے ان کے کلفٹن میں واقع آفس چلے گئے۔ اسٹیل مل کے قائم مقام پی ای او نصرت اسلام بٹ، کنٹریکٹ ملازم اے سی ایف او عارف شیخ، انچارج اے اینڈ پی ڈائریکٹوریٹ شہاب الدین، TSOچیئرمین سیکرٹریٹ پریش کمار، انچارج پروڈکشن ڈائریکٹویٹ عبدالغنی بھٹو اس موقع پر انکے ساتھ تھے میٹنگ میں موجود چند دیگر افراد کا تعارف ایسے ماہرین کے طور پر کرایا گیا ،جو کئی بند ادارے آپریشنل بنانے کا تجربہ رکھتے ہیں، مذکورہ افراد نے اسٹیل مل کے مین پلانٹ اور دیگر پیداواری کارخانوں سمیٹ ملازمین کی موجودہ تعداد اور انکی تنخواہوں کا حجم اس کے اثاثہ جات اور ادارے کے ذمے ہر طرح کے واجبات کی تفصیلات حاصل کیں اور ساڑھے 3برس کے بعد اسٹیل مل کے لئےاظہار دلچسپی ظاہر کردی۔ واضح رہے کہ حبکو کا آفس کلفٹن میں اوشین ٹاوزر کی 11ویں منزل پر واقع ہے ،جبکہ اس کی 27ویں منزل پر میسرز صدیق سنز کا آفس ہے ،جہاں ان دنوں اسٹل مل کے ایک سابق ڈائریکٹر اے اینڈپی حامد پرویز ملازمت کررہے ہیں ۔یہ وہی صدیق سنز ہے ،جسےن لیگ کے دور حکومت میں پاکستان اسٹیل 30سالہ لیز پر دینے کی تیاری کرلی گئی تھی۔ ادھر ’’امت ‘‘کو ذریعے نے بتایا کہ اسٹیل مل کے بورڈ آف ڈائریکٹر زکے ایک رکن رضی الدین نے وفاقی حکام کو یہ آفر دی ہے کہ انہیں اسیٹل مل کا چیف ایگزیکٹو آفیسر بنایا جائے تو انکی چاررکنی ٹیم جس میں موجودہ اے سی ایف او عارف شیخ سمیت دو بورڈ ممبر شامل ہیں، اسٹیل مل کو چلائیں گے اور کوئی پیسہ بھی نہیں مانگیں گے بلکہ کما کر دیں گے۔ ممبر بورڈ رضی الدین اس سے قبل بھی پاکستان اسیٹل مل کی بحالی کیلئے ایک متنازعہ پروگرام پیش کرچکے ہیں ،جس میں انہوں نے اپنے 13مخصوص کنٹریکٹ افسران کو بھاری مشاہرے پر داخل کرانے کا بندوبست کیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment