باغ ابن قاسم پر 4منزلہ غیر قانونی عمارت گرانے کا عمل شروع

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ نے باغ ابن قاسم پر برسوں قبل تعمیر ہونے والی4 منزلہ عمارت گرانا شروع کردیا ہے۔مذکورہ کارروائی بدھ کو شروع کی گئی تھی تاہم شام ہوتے ہی آپریشن روک دیا گیا ۔گزشتہ روز بھی آپریشن شروع کیا گیاتھا ۔کے ایم سی کے ڈائر یکٹر بشیر صدیقی نے بتایا کہ قبل ازیں اولڈ سٹی ایریا میں آپریشن کے صرف اعلانات کئے گئے تھے ،تاہم آج دوپہر 2بجے آپریشن کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صدر اور اطراف میں دوبارہ سے تجاوزات قائم ہوگئی ہیں ، اس کا ہمیں علم ہے پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ تجاوزات قائم نہ ہو نے دے، لیکن علاقہ پولیس تجاوزات ہٹانے کے بجائے خود قائم کرا کے رشوت وصول کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور گردونواح میں ایک اور آپریشن کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم کی عمارت مسمار کرنے میں ا یک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ حکام کے مطابق ہل پارک ،جھیل پارک اورعزیز بھٹی پارک سمیت دیگر پارکوں سے بھی تجاوزات ختم کی جائینگی۔دریں اثناءآپریشن کیلئےعملے نے ڈینسو ہا ل،آرام باغ،جامع کلاتھ،ایم اے جناح روڈ،اورپلاسٹک مارکیٹ سمیت دیگر مارکیٹوں کا رخ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے دکاندار جنہوں نے فٹ پاتھ،سڑکوں اور گلیوں میں قبضہ کر رکھا ہے اور وہ وہاں کاروبار کررہے ہیں تو فوری طور پر قبضہ ختم کردیں ،نہیں تو قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment