کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہ لطیف پولیس نے انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے تین خطرناک ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلر ز نے شہر کے مختلف علاقوں میں62افرادکو موت کی نیند سلانے کا اعتراف کیا ہے ، ٹارگٹ کلر کراچی میں آپریشن شروع ہونے کے بعد روپوش ہوگئے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف پولیس نے نور محمد گوٹھ میں انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تین ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، ایس ایچ او شاہ لطیف نیک محمد کھوسو نے ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلرز کی شناخت احمر عاطف عرف مون، سید افتخار ہاشمی عرف افتخار ملا اور محمد کلام کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ لندن سے ہے ، ٹارگٹ کلرز نے دوران تفتیش شہر کے مختلف علاقوں میں 62افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے ، گرفتار ملزمان شہر میں پولیس افسران و اہلکاروں سمیت اہم سیاسی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہیں ، گرفتار ٹارگٹ کلر احمر عاطف پولیس افسران و اہلکاروں سمیت اہم سیاسی افراد سمیت قتل کی 34 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے، افتخار ہاشمی 16 اورمحمد کلام 12افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے،تینوں دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار، گولیاں اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں، ان کے خلاف ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے حوالے سے شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں جن میں وہ مفرور تھے، تینوں ٹارگٹ کلر ز کراچی میں آپریشن شروع ہونے کے بعد روپوش ہوگئے تھے اور دوبارہ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ لندن کا سیٹ اپ فعال کرنے کیلئے مذکورہ مقام پر جمع ہوئے تھے کہ انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، ٹارگٹ کلرز سے تفتیش کی جارہی ہے ۔