نتائج میں تاخیر پر سیکرٹری یونیورسٹیز-تعلیمی بورڈز کو شوکاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جامعہ کراچی سمیت سندھ کے تعلیمی بورڈز اور یونیورسٹیز کے نتائج میں تاخیر کے خلاف سابق ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم نظیر احمد دھون کی درخواست پر سیکریٹری یونیورسٹیز و تعلیمی بورڈز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 12دسمبر کو طلب کیا۔عدالت نے سیکریٹری یونیورسٹیز و بورڈز کی عدم پیشی پر اظہار برہمی بھی کیا۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے نیب انکوائری کے خلاف اور ضمانت سے متعلق سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کی جانب سے دائر درخواست پر عبوری ضمانت میں 5دسمبر تک توسیع کردی۔فاضل عدالت نے نیب حکام کو درخواست گزار کے وکیل کو متعلقہ دستاویزات بھی دینے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں پر ریمارکس میں کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔عدالت نے پولیس حکام کی کارکردگی پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کو نوٹسز جاری کر دیے۔

Comments (0)
Add Comment