کراچی (اسٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن نے تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکریٹری حلیم عادل شیخ کے خلاف زمین پر قبضےکے حوالے سے تحقیقات تیز کردی ۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی ہدایت پر سروے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد علی نے اسسٹنٹ کمشنر ملیر کو خط لکھ کر ایک ارب 32 کروڑ روپے کی زمین پر قبضےسے متعلق سروےکی ہدایت کر دی ۔ ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ 30 نومبر 2018 کو زمین پر کئے گئے قبضے کا سروے کرایا جائے ۔سروے سپرنٹنڈنٹ نے سروے کیلئے اینٹی کرپشن انسپکٹر زاھد میرانی کو بھی شامل کیا ہے ۔ خط میں مزید ہدایت کی گئی کہ مختیار کار کی موجودگی میں کھاتیداروں اور دیگر پارٹیوں کو بھی سروے میں شامل کیا جائے اور زمین کی حالیہ قیمت کا بھی جائزہ لیا جائے ۔ واضح رہے کہ اینٹی کرپشن حلیم عادل شیخ کے خلاف زمینوں پر قبضوں کی مختلف انکوائریاں کر رہی ہے ۔ اس حوالے سے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ انکے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے حلیم عادل شیخ کے الزام کومسترد کر دیا ہے ۔