شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں حکام کی شرکت

کراچی(رپورٹنگ ٹیم) شہید اے ایس آئی اشرف دائود اور کانسٹیبل محمد عامر خان کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈکوارٹرز میں ادا کردی گئی۔ پولیس کے خصوصی دستے نے شہدا کو سلامی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔شہید اے ایس آئی کا تعلق نیا آباد لیاری سے تھا۔ سوگواروں میں بیوہ ، 3 بیٹیاں اور ایک 3 سالہ بیٹا شامل ہے۔شہید کانسٹیبل نیلم کالونی کلفٹن کا رہائشی تھا،جس نے سوگواروں میں بیوہ ، ایک بیٹی اور ڈھائی ماہ کا بیٹا چھوڑا ہے ۔نماز جنازہ میں گورنر سندھ، وزیراعلٰی ، چیف سیکریٹری ، کورکمانڈر ، آئی جی ،ڈی جی رینجرز و دیگر حکام کے علاوہ شہداء کے عزیز و اقارب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔آئی جی کلیم امام نے ورثاء سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے دونوں شہدائے کے لیے تمغہ شجاعت کا اعلان کیا۔آئی جی نے اے آئی جی ویلفیئر کو ہدایات دیں کہ دونوں شہداء کے حقیقی اور قانونی ورثاء کو تمام ترمروجہ مراعات کی ادائیگی کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔

Comments (0)
Add Comment