کراچی(رپورٹنگ ٹیم) ٹویٹر نے پاکستانی شہریوں کی شکایات پر چینی قونصل خانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی دہشت گرد تنظیم کالعدم بی ایل اے کا اکاؤنٹ بند کر دیا ۔ چینی قونصلیٹ پر حملے کے فوری بعد کالعدم بی ایل اے نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے نہ صرف دہشت گردی کی ذمہ داری قبول کی ،بلکہ اپنے دہشت گردوں کی تصاویر بھی کیں ۔ دہشت گردوں کی سوشل میڈیا پر سرگرمیوں کیخلاف شہریوں نے نہ صرف شدید رد عمل ظاہر کیا ،بلکہ اس کی ٹویٹر سے شکایت بھی کی ۔ ٹویٹر انتظامیہ نے پاکستانیوں کی شکایات پر بی ایل اے کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ@BLA-Tweets فوری طور پر بند کر دیا۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم یونٹ کو بھی یہ ٹاسک دیا گیا ہے کہ سراغ لگایا جائے کہ بی ایل اے کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کہاں سے آپریٹ کیا جاتا ہے ۔بلوچ دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے درجنوں ٹویٹر اکاؤنٹس و ویب سائٹس بنائی گئی ہیں۔ جہاں وہ نہ صرف دہشت گرد کارروائیوں کی ذمہ داریاں قبول کرتے ہیں ،بلکہ وہ اسے اپنے پروپیگنڈا کیلئے بھی استعمال کرتے ہیں۔ اس ضمن میں ویب سائٹ www.sangarpublicsation.com اور آن لائن رسالہ آشوب چلایا جاتا ہے ۔ اس میں کالعدم بی ایل ایف کی سال 2018 کے پہلے 6ماہ میں کی گئی دہشت گردانہ کارروائیاں کی تفصیل موجود ہے ۔ ”امت“ کو اہم ذریعہ نے بتایا کہ کالعدم بلوچ تنظیموں کی سوشل میڈیا کی تمام سرگرمیاں بھارت، برطانیہ، جرمنی، پولینڈ سے کی جاتی ہیں۔