شہزادہ محمد کو امریکی کلین چٹ پر ترکی برہم

استنبول/ واشنگٹن(امت نیوز)صحافی جمال خشوگی قتل کیس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کوامریکہ کی جانب سے کلین چٹ دینے پرترکی نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے سی این این کو انٹرویو میں کہا کہ خشوگی قتل کیس میں شواہد کے باوجودامریکی صدر ٹرمپ نےآنکھیں بندکرلی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ترکی کو سی آئی اے کی حاصل کردہ وہ فون کال ریکارڈنگ بھی فراہم نہیں کی،جس میں مبینہ طور پر شہزادہ محمد نے خشوگی کوجلد خاموش کرانے کی ہدایت کی تھی۔ دریں اثنا امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ وہ یہ خیال نہیں کرتے کہ جمال خشوگی کے قتل میں ملوث افراد کو سی آئی اے نے شناخت کیا تھا۔ امریکہ اس صفحے کو پلٹنے کا جائزہ لے رہا ہے۔ انھوں نے پینٹاگون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات منقطع کرنا ایک غلطی ہوگی۔ علاوہ ازیں امریکی کانگریس کے اراکین نے ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو معاشی مفاد کیلئے اپنی روایتی اقدار کو ترک نہیں کرنا چاہئے ۔ سی آئی اے نے اپنی رپورٹ میں وثوق سے کہا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ہی خشوگی کے قتل کا حکم دیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment