برنس روڈ پر تجاوزات کیخلاف آپریشن ناکام – گلشن میں مظاہرہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا، جب کہ راشد منہاس روڈ پر من پسند دکان کو چھوڑے جانے پر تاجروں نے مظاہرہ کیا، جب کہ کے ایم سی نے ملبہ کے ڈی اے پر ڈال دیا۔دوسری جانب برنس روڈ پر تاجروں کے احتجاج کرتے ہوئے آپریشن ناکام بنادیا۔تفصیلات کے مطابق انسداد تجاوزات عملے نے گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر درجنوں دکانوں کے سائن بورڈ اور حدود سے باہر دکانیں مسمار کردی، تاہم مومز پیزا نامی دکان کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی، جس پر دکانداروں نے احتجاج شروع کردیا۔سوشل میڈیا پر خبر چلتے ہی عملہ چلا گیا، تاہم ڈائریکٹر انکروچمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی کے ایم سی کی نہیں بلکہ کے ڈی اے کی ہے۔گلشن اقبال کا سروے کیا جائے گا، جو بھی کارروائی ہوگی قانون کے مطابق کی جائے گی۔ کے ایم سی کی ٹیم ہیوی مشینری کے ساتھ برنس روڈ پہنچی، تو دکانداروں نے سڑک بند کر کے احتجاج شروع کردیا۔مظاہرین نے عملے کو یرغمال بنالیا۔پولیس کی بھاری نفری نے عملے کو نکالا، جس کے بعد عملہ بغیر آپریشن کے ہی چلا گیا۔سڑک بندش سے اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔کے ڈی اے کے عملے نے حسن اسکوائر تا نیپا چورنگی غیر قانونی ٹھیلوں، کیبنوں اور پتھاروں کو ہٹادیا، جب کہ 1500 غیر قانونی دکانوں کے خلاف محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے عملے نے کارروائی کی۔گلشن اقبال میں غیرقانونی جونا گڑھ لان کو گرا دیا گیا۔فوڈ اسٹریٹ پر حدود سے باہر دکانوں کو بھی مسمار کردیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ نے احکامات جاری کئے کہ کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر آپریشن کیا جائے۔دریں اثنا عملے نے شاہراہ لیاقت، فریئر روڈ ، سرسید یونیورسٹی روڈ گلشن اقبال، جی 13 مدینہ کالونی، یوسی 28 ،29 ، ابو الحسن اصفہانی روڈ، پیراڈائز بیکری سے گلزار ہجری تھانے تک فہداسکوائر اور جوہر کمپلیکس کے اطراف بھی فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔فیڈرل بی ایریا کے علاقے میں فٹ پاتھوں پر قائم دکانیں اور ہوٹل مسمار کردیئے گئے۔

Comments (0)
Add Comment