حملہ آور خودکش جیکٹ کار میں چھوڑکر گئے

کراچی (رپورٹنگ ٹیم )شعبہ تفتیش کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گرد غیر تربیت یافتہ معلوم ہوتے تھے۔ دہشت گرد چینی قونصل خانہ سے ڈیڑھ سو قدم کے فاصلے پر اترے اور کاندھے پر ہتھیار لے کر چینی قونصل خانے کی طرف پیدل مارچ کرنے لگے۔ دہشت گردوں نے راستے میں آنے والے کسی فرد کو نہ تو گولی ماری نہ ہی کوئی اہمیت دی۔ ملزمان جب چینی قونصل خانے کے قریب موٹر سائیکل پارکنگ کے پاس پہنچے تو وہاں موٹر سائیکل پر موجود ایک شخص کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھتے چلے گئے۔ تینوں دہشت گردوں کے پاس موجود کلاشنکوف میں لال رنگ سے ٹیپ سے جڑے دو میگزین لگے تھے۔ان کے پاس موجود بیگ میں دستی بم،ادویات و مکئی کے بسکٹ تھے۔ خودکش جیکٹ اور دیگر دھماکہ خیز سامان وہ اپنی کار میں ہی چھوڑ گئے تھے ۔شعبہ تفتیش کے سینئر افسر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے جس طرح مقابلہ کیا ،اس سے نہیں لگتا کہ وہ گوریلا تربیت رکھتے ہیں۔ دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکار لگ رہے تھے۔قوی امکان ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 4 ہو اور ایک حملہ آور کار میں ہی ہو ،اور اس کی وجہ سے ہی وہ دہشت گردی کا دیگر سامان چھوڑ کر گئے ہوں ۔ صورتحال پلٹنے پر دہشت گردوں کا ساتھی فرار ہو گیا ہو۔

Comments (0)
Add Comment