سہولت کاروں کی تلاش کیلئے قونصلیٹ سے ملحقہ آبادیوں میں آپریشن

کراچی( رپورٹنگ ٹیم)حملے کے بعد سہولت کاروں کی تلاش کیلئے قونصلیٹ سے ملحقہ آبادیوں میں سرچ آپریشن شروع کردیاگیا ۔ذرائع کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی قونصلیٹ کے قریب شاہ رسول کالونی میں کی گئی ،جب کہ تینوں حملہ آوروں کو ان کا سہولت کار گاڑی میں مذکورہ مقام پر چھوڑ کر فرار ہوا ،جس کی تلاش جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی اداروں نے دہشت گردوں کے سہولت کار پکڑنے کیلئے قونصلیٹ کے اطراف چھاپے مارے ،تاہم وہاں سے کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ،جب کہ قونصل خانے کی سرچنگ کرکے سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارے اس حوالے سے بھی چھان بین کررہے ہیں کہ سیکورٹی تھرٹ کے باوجود حملہ آور قونصلیٹ تک کس طرح پہنچ گئے ۔ ا س حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے ہنگامی اجلاس میں سیکورٹی اداروں سے جواب طلب کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلی ٰ کا کہنا تھا کہ حملے سے قبل اطلاعات تھی کہ دہشت گرد کارروائی کرسکتے ہیں۔ اس کے باوجود دہشت گرد کس طرح حساس علاقے میں آئے۔ کیا راستے میں تلاشی نہیں لی گئی ۔تاہم قونصل خانے پر سیکورٹی الرٹ ہونے کے باعث حملہ ناکام ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت سے رابطہ کررہے ہیں کہ حملہ آوروں کے حوالے سے معلومات شیئرنگ کی جائے۔انہوں نے سیکورٹی حکام کو ہدایت کی کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے ۔

Comments (0)
Add Comment