لاہور(امت نیوز) فواد عالم قومی ٹیم کے دروازے پر دستک دیتے رہنے کیلیے پْرعزم ہیں۔2015میں آخری بار ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ملک کی نمائندگی کرنے کے بعد مسلسل نظر انداز فواد عالم نے کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ میں نے کبھی امید کا دامن نہیں چھوڑا،قومی ٹیم میں واپسی کیلیے جدوجہد کرتا رہوں گا۔ کرکٹ میری روٹی روزی ہے،میں اپنی فیملی اور پرستاروں کیلیے کھیلتا رہوں گا۔ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے کرکٹر نے کہا کہ اچھے یا بْرے کسی طور بھی سہی سلیکٹرز کی کتاب میں تو ہوں، قومی ٹیم کیلیے منتخب نہ کیے جانے کی وجوہات نہیں جانتا لیکن اس عزم کے ساتھ کھیلتا رہوں گا کہ ایک دن پاکستان کیلیے کھیلنے کا موقع ملے گاانھوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق سے بھی اس بارے میں سوال نہیں کروں گا،اگر اس موضوع کو چھیڑا تومجھے مزید نقصان ہی پہنچے گا،ماضی میں برملا اپنے تحفظات کا اظہار کرنے والوں کیساتھ ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔فواد عالم نے کہا کہ پی ایس ایل ڈرافٹ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نظر انداز کردیا گیا، اگر ملکی سطح کے مقابلوں میں پرفارمنس بنیاد نہیں تو ان کو جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔انھوں نے کہا کہ فٹنس ٹیسٹ کے دوران ہیڈ کوچ آرتھر نے کہا کہ اگر اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا تو پاکستان کے مڈل آرڈر میں جگہ بنا سکتا ہوں۔
٭٭٭٭٭