تیجل اسلام کی تباہ کن بالنگ سے ویسٹ انڈیز ڈھیر

چٹاگانگ (امت نیوز) تیجل اسلام کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 64 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، بنگلہ دیشی ٹیم میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 125 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، محموداللہ 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، دیوندرا بیشو نے 4 اور روسٹن چیس نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں ویسٹ انڈین ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 139 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، تیجل اسلام کی گھومتی ہوئی گیندوں کے سامنے کالی آندھی کا کوئی بھی کھلاڑی سنبھل کر نہ کھیل سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، تیجل اسلام نے 6 وکٹیں لیں، مومن الحق کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہفتے کو چٹاگانگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 55 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 125 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے مہمان ویسٹ انڈین ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 204 رنز کا ہدف دیا، مشفق الرحیم 19، مہدی حسن میراز 18، محموداللہ 31، نعیم حسن 5 اور تیجل اسلام ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، بیشو نے 4، چیس نے 3، ویریکن نے 2 اور گبرائل نے ایک وکٹ لی۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment