چارسدہ میں نشئی نےبیوی قتل کرکے خودکشی کرلی

چارسدہ (نمائندہ امت)آئس ڈرگ میں مبتلا شوہر نے بیوی کو قتل کرنے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا ۔میاں بیوی کی نعشیں ہسپتال منتقل ۔ خاتون کے لواحقین نے دہرے قتل کا الزام مقتول کے بھائیوں پر لگا کرلاش احتجاجاً چوک میں رکھ دی۔ میری بہن اور بہنوئی کو سگے بھائیوں نے جائیداد کی لالچ میں قتل کیا ہے جبکہ ایف آئی آر میں مقتول کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے ۔ ڈی ایس پی فضل شیر خان کی یقین دہانی پر احتجاج ختم ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سرڈھیری کے حدود پلوسہ میں گھریلو تنازعہ پر شوہر نیاز علی عرف نیازی نے اندھا دھند فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو قتل کر دیا ۔ ملزم نے گھر سے باہر نکل کر خود پر پر گولی چلا کر اپنی زندگی کا خاتمہ بھی کر لیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم آئس ڈرگ کے عادی تھے اور دو بچوں کے باپ تھے ۔ پولیس اور اہل علاقہ نے نعشوں کو قانونی کاروائی اور پو سٹمارٹم کیلئے چارسدہ ہسپتال منتقل کر دیا ۔پو سٹمارٹم کے بعد خاتون کی نعش کو لواحقین نے فاروق اعظم چوک میں رکھ کر احتجاج شروع کیا ۔ فاروق اعظم چوک میں میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے مقتولہ مسماة موریہ کی بہن اور بھائی نے کہا کہ ان کی بہن کے شوہر نیاز علی عرف نیازی کے سگے بھائیوں یاسین اور مدد نے جائیداد کی لالچ میں دونوں میاں بیوی کو قتل کیا ہے جبکہ پولیس نے نیاز علی عرف نیازی پر بیوی کو قتل کرنے اور خودکشی کے مقدمات درج کئے جو سراسر جھوٹ ہے ۔ بعد ازاں ڈی ایس پی فضل شیر خان کی یقین دہانی پر مظاہرین نے نعش چوک سے اٹھا دی ۔

Comments (0)
Add Comment