کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شیرپاؤ کالونی میں پولیس سرپرستی میں چلنے والے منشیات اڈوں کے خلاف کر اچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ علاقے سے مکروہ دھندا بند کرایا جائے ۔تفصیلات کے مطابق شیر پاؤ کالونی کے یو سی کونسلر شہزاد تنولی کی قیادت میں مقررین نے کہا کہ علاقہ پولیس منشیات فروشوں کی سر پرستی کی نشاندہی کرنے پر انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔کونسلرشہزاد تنولی نے کہا کہ میرے اور بھائیوں پر جھوٹی ایف آئی آر اور پولیس مقابلے کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ۔میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق مقدمہ خود ساختہ ہے۔مظاہرین نے بتایا کہ ہم نے کونسلر شہزاد تنولی اور ان کے بھائیوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔ شہزاد تنولی جرائم پیشہ افراد کے خلاف آواز اٹھاتا ہے جس کی وجہ سے راجہ امتیاز اور راجہ اسرار نےجھوٹا مقدمہ درج کرایا ۔ ہم چیف جسٹس سے اپیل کرتےہیں کہ دونوں پولیس اہلکاربھائیوں کی غنڈہ گردی کا نوٹس لیں دونوں اہلکار پولیس کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں معززین نے آئی جی ، ڈی آئی جی شرقی اور ایس ایس پی ملیر سے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کے لئے اچھی ساکھ کے حامل ایماندار افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے ۔ہم قانون اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں ، لیکن بد نام زمانہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کےبھی خواہشمند ہیں۔