کراچی(اسٹاف رپورٹر) دفاعی مصنوعات کی 4 روزہ عالمی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2018 منگل سے ایکسپو سینٹرکراچی میں منعقد کی جائے گی۔10 ویں آئیڈیاز 2018 پر مختلف اہم سرگرمیاں، دفاعی ٹیکنالوجی کے مظاہرے، عالمی سیمینار اور بری، بحری و فضائی کانفرنسز کا انعقاد بھی ہوگا۔ آئیڈیاز کراچی شو، انسداد دہشت گردی کا مظاہرہ، نیٹ ورکنگ اور کمپنیوں کے مابین تجارتی روابط اور کمپنیوں و حکومتی سطح پر امور طے ہونگے۔ آئیڈیاز 2018 میں دنیا بھر سے دفاعی صنعتیں اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی پیش کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار ایکسپو سینٹر میں نمائش سے متعلق بریفنگ میں ڈیفینس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن(ڈیپو) وزارت دفاع کے حکام نے کیا۔ اس موقع پر بریگیڈیئر وحید ممتاز، کموڈور طارق محمود، ایئر کموڈور طاہر انور، بریگیڈیئر علی عامر حیدر ڈیپو، بریگیڈئیر عابد عسکری، ڈی آئی جی پی ٹریفک ایسٹ، جاوید مہر اور ظہیر نصیر چیف آپریٹنگ آفیسر بدر ایکسپو سلوشنز بھی موجود تھے۔ نمائش اعلیٰ سرکاری و دفاعی مندوبین اور تجارتی وفود شرکت کریں گے۔نمائش کا افتتاح 27 نومبر کو کیا جائے گا جو 30 نومبر تک جاری رہے گی۔ نمائش کے ابتدائی 2 روز مقامی و عالمی مندوبین اور تجارتی وفود وغیرہ کے درمیان کاروباری اشتراک کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر انٹرنیشنل سیمینار بھی ہوگا، جس میں عالمی اور خطے کے نئے عسکری چیلنجز میں پاکستان کے کردار پر بحث کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئیڈیاز 2018 کے حوالے سے پاکستان پوسٹ10 روپے کا یادگاری ٹکٹ بھی جاری کرے گا۔ اس موقع پر 2 روسی نیول جہاز بھی پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ نمائش میں پاکستان کے جدید دفاعی ساز و سامان، گلوبل انڈسٹریل سلوشنز، پاکستان آرڈیننس فیکٹریز، ملٹری وہیکلز ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ اسٹیبلشمنٹ، شبلی الیکٹرونکس، یونیورسل اسمارٹ ملٹری سسٹمز اور داؤد سن آرمری شامل ہیں۔ آئیڈیاز 2018 میں شریک کمپنیوں نے اپنی مصنوعات اجاگر کرنے کیلئے گزشتہ تمام آئیڈیاز کے مقابلے میں زیادہ جگہ حاصل کی ہے، جبکہ اس بار عالمی وفود اور نمائش کنندگان کی تعداد بھی سابقہ آئیڈیاز سے زیادہ ہے۔ نمائش میں پاکستان سمیت51 ممالک کے 522 نمائش کنندگان شامل ہیں، جبکہ تجارتی وفود کے علاوہ 51 ملکوں سے 262 اعلیٰ سطح کے مندوبین بھی نمائش کا دورہ کریں گے۔ چین، چیک ری پبلک، فرانس، جرمنی، اٹلی، اردن ، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، ترکی، عرب امارات، یوکرین اور امریکہ نے اپنے خصوصی پویلین قائم کئے ہیں۔ نمائش میں کراچی کے شہریوں کیلئے 29 نومبر کو نشان پاکستان اور سی ویو پر شاندار شو کا بھی انتظام کیا گیا ہے جبکہ 30 نومبر کو عوام نمائش میں شرکت کرسکیں گے۔