سی ڈی اے کے 4 ملازمین کی اسنادجعلی قرار

راولپنڈی (امت نیوز) راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے سی ڈی اے کے 74 میں سے 4 ملازمین کی اسناد کو جعلی قرار دے دیا ہے، راولپنڈی بورڈ سے چوہتر کی چانچ پڑتال کی گئی، اردو کے مضمون میں فیل ہونے والے نے بھی خود کو پاس ظاہر کیا، جس کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔میٹرک میں فیل نور احمد نے جمع کرائی گئی سند میں خود کو پاس ظاہر کیا۔اس کے علاوہ نور احمد میٹرک میں اردو کے مضمون میں 39 نمبر سے فیل ہوا لیکن جعلی سند میں 39 نمبروں کے ساتھ خود کو پاس ظاہر کیا۔ سی ڈی اے ملازمین محمد اقبال، ملک قیصر اور مظفر حسین کی بھی اسناد جعلی نکلیں۔راولپنڈی بورڈ نے 35 ملازمین کی میٹرک کی اسناد کو درست قرار دے دیا ہے اور مزید 35 ملازمین کی اسناد کی تصدیق کے لیے اضافی رقم مانگ لی ہے۔راولپنڈی بورڈ کی جانب سے سی ڈی اے کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 74 اسناد کی تصدیق کی فیس 81 ہزار 400 روپے بنتی ہے لیکن ادارے کی جانب سے 43 ہزار 320 روپے کا بینک ڈرافٹ بھیجا گیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ آئندہ تصدیق کے لیے سند 2 واضح فوٹو کاپیوں کی صورت میں بھیجی جائیں اور دیگر 35 ملازمین کی اسناد کی تصدیق کے لیے 38 ہزار 80 روپے دیئے جائیں۔

Comments (0)
Add Comment