بغاوت کیس -میئر-رؤف صدیقی کی عدم پیشی پر عدالت برہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ملک مخالف نعرے بازی ، بغاوت اور دہشت گردی سے متعلق کیس میں میئر کراچی وسیم اختر اور رؤ ف صدیقی کی عدم پیشی پر برہمی کااظہار کیا جب کہ ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے ، عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر میڈیکل سرٹیفکیٹ سمیت طلب کرلیا ہے ۔ہفتے کے روز متحدہ رہنما فاروق ستار،خواجہ اظہار،قمر منصور و دیگر ملزمان پیش ہوئے ۔عدالت نے استفسار کیا کہ مئیر کراچی کہاں ہیں جس پر وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ مئیر کراچی کے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی ہے۔ عدالت نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر مئیر کو پابند کیا جائے وہ لازمی پیش ہوں اگر مئیر پیش نہیں ہوئے تو ضمانت منسوخ کردی جائے گی ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ رؤف صدیقی کہاں ہیں جس پر ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ رؤف صدیقی سعودی عرب گئے ہیں ،انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر دو سے اجازت لیکر گئے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ جس ملزم کا دل چاہے غیر حاضر ہوجاتا ہے اور ملک سے باہر چلا جاتا ہے ۔

Comments (0)
Add Comment