شہباز کے داماد اربوں کی جائیداد کے مالک نکلے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران کے نام پر اربوں روپے کی جائیداد کا انکشاف ہوا ہے۔احتساب عدالت میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے علی عمران کی جائیداد کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ علی اینڈ کمپنی میں 60 لاکھ شیئرز علی عمران کی ملکیت ہیں جبکہ علی ٹاور ایم ایم عالم روڈ پر 67 دکانیں اور دفاتر کے مالک بھی علی عمران ہیں۔نیب کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ علی عمران ،علی اینڈ فاطمہ ڈیولپرز کے ایک کروڑ شیئرز میں سے 65 لاکھ شیئرز کے مالک ہیں، اس کے علاوہ مدینہ فوڈز پروسیڈ کے ایک کروڑ 75 لاکھ شیئرز میں سے ایک کروڑ 25 لاکھ شیئرز علی عمران کے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈی ایچ اے میں 2 کینال کا رہائشی پلاٹ بھی شہباز شریف کے داماد کی ملکیت میں شامل ہے جبکہ علی پروسیڈ ڈیولپرز، غوث اعظم ڈیولپرز اور دیگر جائیداد میں بھی حصہ ہے۔اس کے علاوہ علی فوڈ پروسیڈ ڈویلپرز میں 50لاکھ شیئرز ہیں، جن میں علی عمران اور ان کی اہلیہ رابعہ برابر کے حصے دار ہیں۔ عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں بتایا کہ گلبرک 3 میں بلاک اے میں کروڑوں روپے مالیت کا پلاٹ اور مدینہ فیڈز مل بھی علی عمران یوسف کی ملکیت میں ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل عدالت نے علی عمران کی جائیداد قرق (ضبط) کرنے کا حکم دیتے ہوئے علی عمران کی جائیداد کی تفصیلی رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ عمران علی یوسف پر الزام ہے کہ انہوں نے پی پی ڈی سی کے اکاؤنٹ میں وصول ہونے والے 12 کروڑ روپے اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں منتقل کیے، اس کے علاوہ انہوں نے اکرام نوید کو پی پی ڈی کا سی ای او تعینات کیا، جس نے مبینہ طور پر کرپشن کی اور اب وہ نیب کی حراست میں ہیں۔اسی طرح شہباز شریف کے داماد پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں اپنا ہی پلازے کے ایک فلور کو 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کرائے پر دیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment