دہشت گردی کا نشانہ بننے والے باپ بیٹے کی لاشیں کوئٹہ پہنچنے پر کہرام

کوئٹہ(نمائندہ خصوصی)کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے باپ اور بیٹے کی لاشیں پہنچنے پر گھروں میں کہرام مچ گیا ۔شہدا کو آبائی علاقے پشتون آباد میں سپردِ خاک کردیا گیا۔شہید نیاز محمد کے چھوٹے بھائی حبیب الرحمٰن نے بتایا کہ ان کے گھر میں صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے اور صبح سے ہی تعزیت کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔وہ کپڑوں کی تجارت کے سلسلے میں چین جاتے تھے۔مقتول کے بھائی حبیب الرحمٰن نے کا کہنا تھا کہ حکومتِ سندھ نے ان کے بھائی اور بھتیجے کی میت کراچی سے کوئٹہ منتقل کرنے کے لیے ایمبولنس تک فراہم نہیں کی اور انہوں نے اپنے پیاروں کے جسدِ خاکی کو اپنی مدد آپ کے تحت کوئٹہ منتقل کیا۔انہوں نے حکومتِ بلوچستان کو بھی آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے کسی بھی حکام نے ان کے اہلِخانہ کی مدد کے لیے رابطہ نہیں کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نیاز محمد اور ان کے بیٹے کی نمازِ جنازہ میں کوئی بھی رکن اسمبلی یا صوبائی حکومت کا افسر شریک نہیں ہوا۔ادھر صوبائی وزیر اور حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے مرکزی رہنما نور محمد دمر نے اعتراف کیا کہ ہم مقتولین کی نمازِ جنازہ میں شرکت نہیں کر سکے، تاہم بہت جلد حکومتِ بلوچستان کا وفد غم زدہ خاندان سے ملاقات کرے گا۔

Comments (0)
Add Comment