سیلانی ویلفیئر-متاثرہ محنت کشوں کو روزگار دینے کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی زد میں آنے والے محنت کشوں کو روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس سلسلے میں ہیڈ آفس میں روزگار ڈیسک قائم کردیا گیا۔متاثرہ افراد دکان کے مالک سے تصدیقی سرٹیفکیٹ لانے کے پابند ہوں گے۔سیلانی ویلفیئر کے سرپرست اعلیٰ مولانا بشیر فاروقی نے امت کو بتایا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی زد میں بڑے پیمانے پر اس کاروبار سے منسلک ملازمین و مزدور بھی آگئے ہیں، جن کا واحد ذریعہ روزگار اب نہیں رہا۔کئی مقامات سے خبریں موصول ہورہی ہیں کہ متاثرین کو بچوں کو فیسیں ‘راشن اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔اس صورتحال میں سیلانی ویلفیئر اپنے کسی بھی مسلمان بھائی کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں متبادل روزگار فراہم کریں۔یہ روزگار کہیں ملازمت یا کوئی چھوٹا کاروبار بھی ہوسکتا ہے، جس کا تعین سیلانی ہیڈ آفس میں موجود روزگار ڈیسک کرے گا۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کے علاج و معالجہ اور کھانے کا انتظام بھی کیا جائے گا۔روزگار ڈیسک سے رابطہ کرنے والے متاثرہ شخص کو سابقہ دکاندار کا تصدیقی سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment