نمائش پر احتجاج کرنیوالے 100گرفتار -شیلنگ سے آبادی بھی متاثر

کراچی /راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری کیخلاف نمائش چورنگی پر احتجاج کرنے والے 100 سے زائد مظاہرین گرفتار کرلئے گئے جبکہ پولیس اوررینجرز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کے بعد شیلنگ شروع کردی جس سے اطراف کی آبادی بھی شدید متاثر ہوئی ۔ادھر راولپنڈی میں قائد کی گرفتاری کیخلاف تحریک لبیک کے کارکنوں نے مظاہرہ کرکے سڑک بلاک کردی۔ تفصیلات کے مطابق 23 اور 24 کی درمیانی شب علامہ خادم رضوی کی گرفتاری پر کار کنوں کی بڑی تعداد نے نمائش چورنگی پر احتجاج شروع کردیا اسی دوران مشتعل افراد نے موٹر سائیکل کو آگ لگائی جبکہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے 100 کارکنوںکو حراست میں لے لیا ہے۔ شرکا کو منتشر کرنے کے لیے پولیس لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کے شیل فائر کرتی رہی۔ مکینوں کی حالت غیر ہوگئی، جب کہ بچے آنکھوں میں شدید جلن اور سانس میں تکلیف کے باعث رات بھر روتے رہے ۔راہگیروں کو بھی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔شدید شیلنگ کی وجہ سے سولجر بازار ، لائنز ایریا و دیگر اطراف سمیت سیون ڈے اسپتال اور رینبو سینٹر تک کا علاقہ متاثر رہا۔ مذکورہ علاقوں کی سڑکوں سے گزرنے والے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایس پی جمشید شمائل نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ مشتعل افراد نے ایک موٹر سائیکل کو آگ لگائی تھی۔ کسی کو بھی سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دی جاے گی،گزشتہ روز پولیس رینجرز پر فائرنگ کی گئی تھی، پبلک ٹرانسپورٹ پر پتھراو کیا گیا جو ناقابل برداشت ہے ،انہوں نے مزید بتایا کہ دہرنے کی آڑ میں شر انگیزی کی جارہی تھی ،قانون ہاتھ میں لینے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، ایس پی جمشید نے کہا کہ گزشتہ رات 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ،جبکہ ان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ پر مقدمات کیے جائیں گے ، دوسری جانب فائرنگ سے 40سالہ شفیق ولد رفیق،16سالہ وسیم ولد رفیق ،35سالہ شیراز خان ولد سردار زخمی ہوگئے ،پولیس نے مزید بتایا کہ نمائش چورنگی پر ممکنہ دھرنے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔دریں اثناپنڈی گھیب میں علامہ خادم رضوی کے آبائی گاؤں سے آنے والے مظاہرین کو پولیس نے ڈھوک اعوان پر روک لیا۔اس دوران تلخ کلامی کے بعدمظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا۔ادھر تحریکِ لبیک کے دوسرے دھڑے کے سربراہ مولانا آصف جلالی کی گرفتاری کے خلاف رات گئے لاہور میں بھی کارکن سڑکوں پر نکل آئے ۔

Comments (0)
Add Comment