کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نےنے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو جس ریاست مدینہ کا آئینہ بنانا چاہتے ہیں اسکی جھلک سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے نظام اورکاموں میں نظر آتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ہیڈ آفس میں سیلانی ماس آئی ٹی ٹریننگ کی تقریب تقسیم انعامات و اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوش نصیب ہیں جنہیں اتنا مربوط تعلیمی نظام میسر ہے ۔میں سمجھتا ہوں کہ اتنی جدید ٹیکنالوجی اتنے بہترین نظام کے ساتھ شاید ہی ملک کے کسی اور انسٹیٹیوٹ میں موجود ہو۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سونے والوں کیلئے شیڈز بنانے کا اعلان کیا ہے اس منصوبے میں حکومت جگہ فراہم کرے گی اور تعمیرات سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کرے گا۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے موبائل اسپتا ل بھی منگوائے جارہے ہیں اس منصوبے میں بھی سیلانی ٹرسٹ کے ماہر ڈاکٹرز کی معاونت حاصل ہو گی ۔ ٹرسٹ کے بانی معروف روحانی شخصیت علامہ محمد بشیر فاروقی نے کہا کہ تجاوزات سے متاثر ہ غریب افراد کیلئے بہت جلد بڑے منصوبے کا اعلان کیا جائے گا اس موقع پر ایم این اے اور فکس اٹ گروپ کے بانی عالمگیر خان ایم پی ایزخرم شیر زمان گھمن چیئرمین اقرا یونیورسٹی حنید لاکھانی ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔حنید لاکھانی نے کہا کہ وہ کافی عرصہ سے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ کام کررہے ہیں یہ ادارہ قابل تقلید ہے ۔ تقریب میں سیلانی ماس آئی ٹریننگ پروگرام کے ہیڈ سر ضیاء اللہ خان ، سر ذیشان حنیف اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے ۔