مردان میں13سالہ لڑکی سوارہ کی بھینٹ چڑھ گئی-والد سمیت13گرفتار

مردان (مانیٹرنگ ڈیسک) مردان میں بھائی کی زندگی بچانے کے لئے 13 سالہ بچی فرسودہ رسم سوارہ کی بھینٹ چڑھ گئی، جرگے نے پہلے سے شادی شدہ شخص سے تیرہ سالہ لڑکی کا نکاح کرا دیا۔ پولیس نے لڑکی کے والد سمیت جرگےکے 13ممبران کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مردان میں زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ کردی گئی ، بھائی کی زندگی بچانے کیلئے13 سالہ بہن کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا۔ لڑکی ظالمانہ رسم سوارہ کی شکا ر ہوئی اور اس کو شادی شدہ شخص سے بیاہ دیاگیا۔انسانیت سوز واقعہ مردان کے علاقے ساول ڈھیر میں پیش آیا جہاں انعام اللہ نامی شخص کو اپنی بیوی پر ایک رشتہ دار کے ساتھ ناجائز تعلقات کا شبہ تھا، جس پر اس نے لڑکے بختیار کو قتل کی دھمکی دی، لڑکے کے والد کو خبر ہوئی تو رشتہ داروں کا جرگہ بلایا گیا۔جرگے نے فیصلہ دیا تو انعام اللہ نے اپنی بیوی چھوڑ دی اور اس کے بدلے میں لڑکے کی تیرہ سالہ بہن ثناء کا نکاح شادی شدہ شخص سے کرا دیا گیا جس پر بچی فریاد لیکر پولیس کے پاس پہنچ گئی اور صورت حال سے آگاہ کیا۔ جس پر پولیس نے جرگے کے تیرہ ارکان کو گرفتار کرلیا اور لڑکی کو دارالامان پہنچا دیا۔

Comments (0)
Add Comment