حب (نمائندہ امت) حب منشیات کا دھندا عروج پر پہنچ گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کرسٹل، چرس ، تریاق، افیون ، کے درجنوں اڈے قائم ہیں۔ منشیات کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونے کے سبب نوجوان نسل بری طرح سے تباہ ہورہی ہے۔ حب لسبیلہ پولیس نمائشی کارروائیوں تک محدود ہو گئی ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شہر کے بعض علاقوں میں جوئے کے اڈے بھی قائم ہیں ، اور ان اڈوں میں بھی منشیات کی خریدو فروخت ہوتی ہے۔ حب کے علاقوں لوڑی پاڑا، زہری اسٹریٹ ، الہ آباد ٹاون ، بھٹ آباد چڑھائی ، جام یوسف کالونی،دارو ہوٹل، بالخصوص حب سٹی تھانہ اور ہائیٹ پولیس تھانے کے حدود مینگل آباد ، گلیکسی ٹاون ،اور بد نام زمانہ منشیات اور جرائم پیشہ عناصر کاعلاقہ امیر آباد سمیت شہر کے دیگر مضافاتی علاقے شامل ہیں۔ جہاں پولیس کی سرپرستی میں منشیات کا دھندہ کافی برسوں سے جاری ہے۔ ذرائع نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات کی سر عام فروخت کے باعث خواتین ، بوڑھے ، اور نوجوان نسل بھی اس لت میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ اب نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ اسکول کے طلباء یونیفارم پہنے منشیات کے اڈوں میں نظر آنے لگے ہیں۔