نیوزی لینڈ کیخلاف 418رنزپرپاکستان کی اننگزڈیکلیئر

دبئی(امت نیوز)پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 418 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی ،حارث اوربابراعظم نے سنچریاں بنائیں، نیوزی لینڈ کاسکور بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 24 رنز تھا۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روزپاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 207رنز 4کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو حارث سہیل 81اور بابر اعظم 14رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔دونوں بلے بازوں نے کیویز بولروں کے خلاف شاندار مزاحمت کی اور ابتدائی دو سیشن میں بھرپور انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 186رنز کی شراکت قائم کی۔چائے کے وقفے کے بعد دوبارہ میچ شروع ہوا تو حارث سہیل 360کے مجموعی اسکور پر 147رنز بنا کر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 421 گیندوں پر مشتمل طویل اننگز میں 13چوکے بھی لگائے،یہ ان کی دوسری ٹیسٹ سنچری تھی۔بابراعظم بھی اپنی سنچری بنانے میں کامیاب رہے، انہوں نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی، اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف وہ 99رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے۔پاکستان نے 418رنز 5وکٹ پر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کی تو بابر اعظم 127اور کپتان سرفراز احمد 30رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ گرینڈ ہوم نے 2اور اعجاز پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 24رنز بنا لیے۔جیت راول 17اور ٹام لیتھم 5رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ واضح رہے کہ 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کیویز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ ابوظہبی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 4رنز سے ہرا دیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment