کراچی (اسٹاف رپورٹر) واٹربورڈ انجینئرز اینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے تحت کارساز میں آفیسرز کلب میں بیڈمنٹن و ٹینس کورٹ کا افتتاح کردیا گیا، کلب میں افسران و انجینئرز کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے بہترین مواقع موجود ہیں، واٹر بورڈ کلب شہر کے دیگر کلبوں کے مقابلے میں بہترین سروسز فراہم کررہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ایسوسی ایشن کے نائب صدر اسد اللہ خان، جنرل سیکریٹری شعیب تغلق، ڈائریکٹر بلنگ محسن قائمخانی ،ندیم کرمانی اور محمد ثاقب سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈی ایم ڈی اسداللہ خان کا کہنا تھا کہ افسران شہریوں کو فراہمی اور نکاسی آب کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے دن رات محنت کرتے ہیں، کام کی زیادتی کے باعث ذہنی دباؤ اور جسمانی تھکاوٹ کا شکار ہوکر مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں، انہیں صحت مند سرگرمیوں کی سخت ضرورت ہے۔ محسن قائمخانی اور ندیم کرمانی نے کہاکہ ایسوسی ایشن اور کلب کمیٹی نے مختصر وقت میں افسران کی فلاح وبہبود کیلئے نمایاں کام کئے، جس کی تقلید دیگر اداروں کی آفیسرز ایسوسی ایشنز بھی کررہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک جانب ایسوسی ایشن نے افسران و انجینئرز کیلئے آواز بلند کی اور ان کے حقوق کا دفاع کیا تو دوسری جانب کلب کمیٹی نے واٹربورڈ آفیسرز کلب میں افسران و انجینئرز کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے بہتر مواقع فراہم کئے اور کلب کو شہر کے بہترین کلبوں کی فہرست میں شامل کردیا ہے ۔