ایودھیا میں لاکھوں غنڈے تلواریں – کٹر لیکر گشت کرنے لگے

نئی دہلی(امت نیوز) نام نہاد رام مندر کی تعمیر کیلئے درجنوں ہندو جماعتوں کے زیر انتظام اتوار کو یو پی کے شہر ایودھیا میں ہونے والی ہندو سبھا کے نام سے اجتماع ہوا۔ ہندوسبھا میں بھارت بھر سے لاکھوں انتہا پسندجمع ہوئے ۔بھارتی ٹی وی ٹائمز ناؤ کے مطابق ایودھیا میں جمع ہندو غنڈے لوہے کی سلاخوں،لاٹھیوں ،کٹرز اورتلواروں کے ساتھ شہر میں گشت کر رہے ہیں ۔سیکولر جماعت سماج وادی پارٹی سابق وزیر اعلیٰ اکھیلیش یادو نے فوج تعیناتی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور ہمنوا تنظیمیں الیکشن کے پیش نظر ماحول خراب کرنا چاہتی ہیں۔بھارت بھر کی ایک درجن سے زائد مسلم تنظیموں کے اتحادآل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حمید نے ایودھیا کی صورتحال کے پیش نظر بھارتی صدر رام ناتھ کوند کو خط تحریر کیا ہے ،جس میں ان سے فوری مداخلت کی اپیل کی گئی ہے ۔خط میں واضح کیا گیا کہ ایودھیا میں جمع 3لاکھ ہندو غنڈوں کی وجہ سے لاکھوں جانیں خطرے میں ہیں ۔ بھارتی وزیر اعظم مودی نے بھی رام مندر کی تعمیر کیلئے جمع جارح مزاج ہندوؤں کو روکنے کیلئے سیکولرجماعتوں اور مسلمانوں کے مطالبے کے باوجود ایودھیا میں فوج نہیں بھیجی ۔فوج تعینات نہ ہونے پر ایودھیا کے مکینوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے ، مسلمانوں کی بڑی تعداد پہلے ہی نقل مکانی کر چکی ہے۔عالمی سطح پر شرمندگی سے بچنے کیلئے بھارتی وزیر اعظم مودی نے رام مندر پر آن دی ریکارڈ ایک لفظ بھی نہ بولنے کا فیصلہ کر کے اتحادی شیو سینا اور انتہا پسند جماعتوں کو مایوس کر دیا ہے ۔ اتوار کو ایودھیا میں ہندو سبھا سے خطاب میں ہندوؤں کی ایک بڑی مذہبی شخصیت کا دعویٰ ہے کہ مودی کے ایک سینئر وزیر نے یقین دلایا ہے کہ رام مندر کی تعمیر کا فیصلہ11 دسمبر تک کر لیا جائے گا ۔اس ضمن میں دوتہائی اکثریت سے قانون سازی کی جائے گی۔ بی جے پی رہنما بھی شیو سینا پر برس رہے ہیں ۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سریندر سنگھ کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر سے شمالی ہندوستان کے لوگوں کے نکالنے والی شیوسینا میں رتی بھر انسانیت نہیں ، یہ تو رام مندر کا مسئلہ ہائی جیک کرنا چاہتے ہیں۔یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرشاد کا کہنا ہے کہ شیو سینا کا رام مندر معاملے میں کوئی کردار نہیں ۔ٹھاکرے وہی کچھ کر ر ہا ہے ،جس سے اس کے باپ نے روکا تھا ۔بی بی سی کے مطابق ایودھیا میں شیو سینا سمیت انتہا پسند جماعتوں نے شہر بھر میں پوسٹر لگا رکھے ہیں ،جن پر ’’ پہلے مندر پھر سرکار‘‘ کے نعرے تحریر ہیں۔اتوار کو شیوسینا سربراہ اودھو ٹھاکرے نے ایودھیا میں ہندو سبھا سے خطاب میں مودی حکومت پر زور دیا کہ وہ آرڈی نینس کے ذریعے رام مندر کی تعمیر کی تاریخ کا اعلان کرے۔رام مندر نہ بنا تو مودی حکومت بھی ختم ہو جائے گی ۔اودھو ٹھاکرے نے اتوار کو اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ہمراہ عارضی رام مندر میں پوجا بھی کی ۔ کانگریسی ترجمان مالک ارجن کھرگے کا کہنا ہے کہ انتہا پسند ہندو سیاسی رہنما ایودھیا میں جمع ہو کر لوگوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment