چندی گڑھ/اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے شکریے کے ساتھ معذرت کرلی۔وزیر خارجہ نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ بھارت بھیجا تھا، بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے بعد بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی۔امریندر سنگھ نے شاہ محمود قریشی کے نام جوابی خط بھیجا، جس میں انہوں نے دعوت نامہ بھیجنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سکھ برادری کےلئے کرتار پور راہداری کا کھلنا قابل ستائش اقدام ہے تاہم میں تقریب کا حصہ نہیں بن سکتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک بھارت صورتحال تبدیل ہونے پر گردوارہ کرتار پور صاحب پر حاضری دوں گا۔گزشتہ روز بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے تقریب میں شرکت سے معذرت کی تھی اور بھارتی نمائندگی کے لئے 2 وزراء کو بھیجنے کی یقین دہانی کرائی۔جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے اپنے دو وزراء پر مشتمل وفد کو بھیجنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ۔دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کرتار پورراہداری کھولنے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر اپنے عمل سے ثابت کیا ہے وہ جنوبی ایشیا میں امن چاہتا ہے۔سکھوں کے مذہبی مقام کرتارپور گوردوارا تک راہداری بنانے کے لیے 28 نومبر کو سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب ہوگی۔ اس حوالے سے فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، کرتارپور سرحد کے کھولے جانے کا عمل تاریخ ساز ہے ۔