اسلام آباد(امت نیوز) قومی جوڈو کھلاڑی شاہ حسین شاہ انجری کے باعث جاپان میں ہونے والی گرینڈ سلام سے باہر ہو گئے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے ’’میڈیا‘‘ کو بتایا کہ فیڈریشن نے گرینڈ سلام کے لئے شاہ حسین شاہ کا انتخاب کیا تھا تاہم ٹریننگ کے دوران انہیں پائوں میں چوٹ آنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے جس کی وجہ سے وہ ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ سلام کا آغاز گزشتہ روز ہو چکا ہے جس میں دنیا بھر سے 36 ممالک کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے لئے شاہ حسین شاہ نے بھرپور طریقے سے تربیت حاصل کی تھی اور فیڈریشن کے ایونٹ میں ان سے بڑی توقعات وابستہ تھیں تاہم بدقسمتی سے ایونٹ سے دو روز قبل ان کے پائوں میں چوٹ آ گئی جس کی وجہ سے پاکستان ایونٹ سے محروم ہو گیا۔ مسعود احمد خان نے بتایا کہ ایونٹ میں شرکت کے لئے فیڈریشن نے شاہ حسین شاہ کے این او سی کے لئے باضابطہ طور پر مراسلہ بھجوایا تھا لیکن ان کے زخمی ہونے کی وجہ سے آخری دن فیڈریشن نے ان کی انٹری واپس لے لی۔