کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ آئیڈیاز 2018 میں اپنے ملکی ساختہ آلات حرب کی نمائش کرے گی۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ آئیڈیاز2018 میں اپنے ملکی ساختہ آلات حرب کی نمائش کرے گی، پاک فضائیہ نمائش میں ملکی سطح پرتیار کردہ بہترین دفاعی آلات کے ساتھ شرکت کررہی ہے، نمائش میں ائیرڈیفنس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، اوراینٹی گریٹڈ اسٹیمولیٹرز شامل ہیں اوریہ اسٹیمولیٹرزپاک فضائیہ کی آپریشنل تربیت کو جدید طرزمیں ڈھالنے میں کارآمدثابت ہوتے ہیں۔ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ائیرو نا ٹیکل کمپلیکس کامرہ بھی اس نمائش کا اہم حصہ ہے، جے ایف 17تھنڈر اورسپر مشاق طیارے نمائش کے لئے پیش کئے جائیں گے۔دوسری جانب پاک فضائیہ کے طیارے سی ویو کراچی پر فضائی مظاہرہ پیش کریں گے، نمائش کے تیسرے دن شاندار فضائی مظاہرے میں جے ایف 17تھنڈراورایف 16طیاروں کے علاوہ پاک فضائیہ کی ائیروبیٹکس ٹیم شیردل بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرے گی۔واضح رہے کہ آئیڈیاز2018نمائش 27 سے30نومبرتک ایکسپوسنٹر کراچی میں منعقد ہوگی۔